29

نواز شریف کی عدم موجودگی میں ان کا مشن جاری رکھیں گے، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست کی بجائے مفاہمت اور انسانی بنیادوں کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف سے جاتی امرا میں ملاقات کی جس میں مریم نواز بھی موجود تھیں، شہباز شریف نے نواز شریف سے ان کی طبعیت دریافت کی اور ڈاکٹر عدنان نے نواز شریف کی صحت کی صورتحال کے حوالے سے شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف کی منگل کے روز بیرون ملک روانگی کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔بعد ازاں اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کے لیے نیک جذبات اور ہمدردی کا اظہار کرنے پر حکومتی اتحادی (ق) لیگ اورایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویزالہی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بھی شکر گزار ہیں،  اے این پی اور پیپلزپارٹی کے بھی بے حد مشکور ہیں جہنوں نے نوازشریف کے لئے نیک خواہشات اور جلد صحتیابی کےلئے پیغامات بھجوائے۔شہباز شریف نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی مخالفت کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی ہے، میاں نوازشریف کی صحت پر ان تمام سیاسی جماعتوں نے انسانیت سے ہمدردی کا ثبوت دیا ہے، پاکستان کے 22 کروڑ عوام ، تمام اپوزیشن کی جماعتوں اور حکومتی اتحادیوں جماعتوں کی جانب سے نوازشریف کی جلد صحتیابی کےلئے دعا کی ان کے مشکور ہیں۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ نوازشریف کی ملک و قوم کے لیے گراں قدر خدمات ہیں، مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی پاکستان میں عدم موجودگی پر ان کو مشن کو جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں