5

پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور

اسلام آباد(عباس ملک سے )  الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی۔ 26 نومبر سے پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی روزانہ کی بنیاد پر چلے گی۔ رہبر کمیٹی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کے رکن پنجاب اور خیبر پختونخواہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کی کارروائی چلائے اور جلد از جلد معاملے کو نمٹایا جائے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سماعت کیلئے پہلے ہی 26 نومبر کی تاریخ مقرر کر چکا ہے، 26 نومبر سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو گی، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف سے 18 ایسے اکاؤنٹس پر جواب مانگ رکھا ہے جو سالانہ گوشوراروں میں ظاہر نہیں کیئے گئے تھے۔رہبر کمیٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بدھ کے روز درخواست دائر کی گئی تھی کہ الیکشن کمیشن کے غیر فعال ہونے سے قبل تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے اور اس مقصد کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے کہ سکروٹنی کمیٹی کو کام سے روکا جائے۔ خیال رہے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روازنہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا غیر ملکی فنڈنگ کیس پانچ برس سے چل رہا ہے، تمام دستاویزات موجود ہیں، فیصلہ آئے گا تو حکومت اور پارٹی ختم ہو جائے گی۔اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے ممبر اکرم درانی کا کہنا تھا کیس میں تاخیر ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔ غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس جلد نمٹایا جائے۔ تمام سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کیس کی روزانہ سماعت ہو، چیف الیکشن کمشنر کو تحریری یادداشت بھی پیش کریں گے۔نیئر بخاری نے کہا گزشتہ 5 سال سے غیرملکی فنڈنگ کیس زیر التوا ہے، پی ٹی آئی بنانے میں جن کا کردار تھا یہ کیس انہوں نے دائر کیا، اگر آپ چور نہیں تو پھر تلاشی دینے میں کیا حرج ہے ؟ لوگوں کی تلاشی کا مطالبہ کرتے ہیں، جب اپنی تلاشی کی بات آئے تو اجتناب کرتے ہیں۔احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستانی سیاست میں کرپشن کا میگا سکینڈل کسی سیاسی جماعت کی طرف سے سامنے نہیں آیا جتنا پی ٹی آئی کا سکینڈل سامنے آیا، گزشتہ کچھ سالوں سے عمران خان خود کو مسٹر کلین کہہ رہے تھے، بیرون ملک سے آنے والا پیسہ عمران خان نیازی اور ساتھیوں کے ذاتی اکاؤنٹس میں آتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں