95

مصدقہ اطلاعات ہیں بھارت پاکستان پر ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے، وزیر خارجہ

ملتان(صفدرعلی بخاری سے )  وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارت پاکستان پر ایک اور حملے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جنگ کے بادل اب بھی منڈلا رہے ہیں، ہمارے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ بھارت ایک اور جارحیت کا منصوبہ بنارہا ہے، یہ کارروائی 16 سے 20 اپریل کے درمیان کی جاسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت کے اس غیرذمہ داری رویے کا نوٹس لے، سلامتی کونسل کےمستقل ارکان کوصورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا ہے، خطے میں امن کیلئے عالمی برادری کو خاموش نہیں رہناچاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ واقعے کے بعد 26 فروری کو بھارت جب کارروائی کرتا ہے اس پر دنیا خاموش رہتی ہے، کئی ذمے دارممالک سمیت دنیا نے خاموشی اختیار کررکھی ہے تاہم ہم اتنے بھی ناسمجھ نہیں کہ عالمی براداری خاموش کیوں ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے دعویٰ کیا کہ 3 دہشت گرد کیمپس تباہ کیے، بھارت نے کارروائی میں 350 کے لگ بھگ دہشت گردوں کو مارنے اور ایک ایف سولہ طیارہ بھی گرانے کا دعویٰ کیا، بھارت نے غیرذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کیا، مودی سرکار ایک بھی لاش نہیں دکھا سکی، پاکستان نے ایف 16 گرانے کے دعوے کی بھی تردید کی اور اب امریکا نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کے پاس ایف 16 طیارے پورے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے بغیر کسی دباؤ کے فیصلہ کرکے ابھے نندن کو واپس بھجوایا اور امن کا پیغام دیا، واہگہ بارڈرکی میٹنگ بھی بھارت نے کینسل کی جب کہ ہم نے مزید 360 بھارتی مچھیروں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پلوامہ واقعےکے بعدلائن آف کنٹرول پر مسلسل فائرنگ کی جارہی ہے، دنیا جانتی ہے کہ پاکستان  نے ذمہ دارانہ اور بھارت غیرذمہ دارانہ رویہ اپنایا تاہم عالمی برادری خاموش تماشائی بننے کے بجائے کردار ادا کرے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سیکریٹری خارجہ نے چین، امریکا، برطانیہ و دیگرممالک سے رابطہ کیا ہے، نہیں چاہتے بھارت حملے کی حماقت کرے، ہم زندہ قوم ہیں، اپنےدفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں، وزیراعظم سے مشاورت کے بعد حقائق قوم اور عالمی برادری کےسامنے لانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم اور بڑھ گئے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے متاثرین کے ساتھ تھے اور ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں