41

کھلاڑیوں کو غیرمعمولی کامیابیوں کا انعام دیا گیا،عروج ممتاز

کراچی: خواتین کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی سربراہ عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کی ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز میں کامیابیوں اور غیر معمولی کارکردگی کا انعام دیتے ہوئے اسکواڈ برقرار رکھا گیا البتہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں معمولی سی تبدیلی کی گئی کیونکہ انہوں نے آئندہ برس ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو بھی پیش نظر رکھا ہے ۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقی ٹور کیلئے قومی ویمنز ٹیم کا اعلان کرنے کے بعد عروج ممتاز کا کہنا تھا کہ فی الوقت ان کے پاس بہترین پلیئرز کا گروہ موجود ہے جس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف ہی نہیں بلکہ اس سے قبل کھیلی گئی سیریز میں بھی اپنی اہلیت ثابت کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کیخلاف گزشتہ سیریز میں پاکستانی ویمنز ٹیم کو ایک،دو سے ناکامی کا سامنا رہا تھا لیکن اس بار وہ پرامید ہیں کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف اچھی کارکردگی کی مزید تعمیر کرتے ہوئے پروٹیز ٹور میں گرین شرٹس کو زیادہ بہتر نتائج حاصل ہوں گے ۔سابق قومی ویمنز کپتان کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم سینئر اور جونیئر پلیئرز کا حسین امتزاج ہے اور توقع ہے کہ سینئرز کے زیر سایہ جونیئر اور کم تجربہ کار پلیئرز ملنے والے مواقع سے فائدہ اٹھا کر سیکھنے کی کوشش کریں گی کیونکہ یہ ایک ایسا وقت ہے کہ خواتین کرکٹ کو استحکام حاصل ہو رہا ہے اور پاکستانی پلیئرز جتنا بہتر کھیل پیش کریں گی انہیں اس سے اپنا کیریئر اتنا ہی بہتر کرنے کا موقع مل جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں