34

حکومت دماغ نکال چکی،خالی کھوپڑی لیکر کتنا بیٹھے گی:سراج الحق

لاہور: نئے مشیر خزانہ کے بارے میں مشہور ہے کہ ان کے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں،اس کا مطلب ہے کہ مشیر خزانہ کوعالمی مالیاتی ادارے لیکر آئے ہیں،حکومت نے اپنی ٹیم کو تبدیل کیا ہے مگر حکومت میں اب بھی پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ،ایم کیو ایم اور مشرف کے ہی لوگ ہیں،جن لوگوں سے نجات کیلئے لوگوں نے تبدیلی کے نعرے کو ووٹ دیا تھا انہی کو عوام کی گردنوں پر دوبار ہ سوار کر دیا گیا ، افراد اور چہروں کی تبدیلی سے اگر کوئی انقلاب آنا ہوتا تو اب تک آچکاہوتاکیونکہ چہرے تو ہر الیکشن میں تبدیل ہوتے رہتے ہیں،جب تک سودی نظام ہے معیشت بہتر نہیں ہوسکتی ،سودی نظام یہودی اور استحصالی نظام ہے ،یہ عام آدمی کی خوشیوں کا قاتل ہے اس سے نجات حاصل کئے بغیر غربت ،مہنگائی بے روز گاری جیسے مسائل سے چھٹکارا حاصل نہیں کیا جاسکتا ،عام آدمی کی فلاح و بہبود کا ضامن اسلام کا دیا گیا معاشی نظام ہے ، عوام کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ۔ملک میں اسلامی انقلاب کاسورج جلد طلوع ہونے والا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع اور منصورہ میں کام کرنے والے مزدوروں کو دئیے گئے ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمران ایک سانس میں رحمان اور دوسرے میں رام کانام لیتے ہیں ،مدینہ کی اسلامی ریاست اور سودی معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔بار باراقتدار میں آنے والی جماعتیں ملک و قوم کومشکلات اور مسائل کے گرداب میں پھنسا کر چلی گئی ہیں ۔اب وقت آگیا ہے کہ قوم اپنے رویے پر غور کرے اور اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ پاکیزہ نظام کی طرف پلٹ آئے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف الخیال لوگ ذاتی مفادات کیلئے اکٹھے ہوگئے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں