22

عثمان بزدار کا قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کمی کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا،جس کے دوران انہوں نے قیدیوں کے ڈیٹا کو آن لائن کرنے کے سسٹم کا افتتاح کیا۔ ڈیٹا سسٹم کے تحت قیدیوں کے بارے میں تمام معلومات آن لائن ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے افتتاح کے بعد کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا۔وزیراعلیٰ نے جیل کے اینٹی گریٹڈسکیورٹی سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔ اس مو قع پر انہو ں نے کہا کہ صوبے بھر کی جیلوں میں ہائی سکیورٹی پریزن سسٹم نافذ کیا جا رہاہے ۔پنجاب کی 9سنٹرل او ر8ڈسٹرکٹ جیلوں میں ہائی سکیورٹی پریزن نظام متعارف کرایا جا چکا ہے ۔دیگر جیلو ں میں بھی اس سسٹم کو جلد متعارف کرائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے شجرکاری مہم کے تحت جیل میں پودا بھی لگایا ۔ انہو ں نے جیل کے کچن کا بھی معائنہ کیا اور قیدیوں کیلئے تیار کی جانے والی روٹی اور سالن خود کھا کر معیار چیک کیا ۔وزیراعلیٰ نے خواتین قیدیوں میں تحائف تقسیم کئے ۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ قیدی خواتین کے بچوں کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے اور بچوں کو دودھ، بسکٹ اور سویٹس بھی مہیا کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مرد قیدیو ں کے لئے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کا اچانک دورہ کیا۔ کمیشن میں اپنے مسائل کے حل کیلئے آنے والے اوورسیز پاکستانیوں سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر انہو ں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جائے گا اور ان کے حقوق کا پورا تحفظ کریں گے ۔ بعد ازاں وزیراعلی ٰ نے سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کی حدود میں ڈور پھرنے سے 10 سالہ بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہو ئے ڈ ی پی او سیالکوٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں