84

خیبر پختونخوا حکومت کا قبائلی اضلاع میں57ہزارتباہ شدہ مکانات کی بحالی کا منصوبہ

خیبرپختونخوا: خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ضم شدہ پانچ قبائلی اضلاع میں 57 ہزار سے زائد تباہ ہونے والے گھروں کی بحالی اور تعمیرنو کے لئے اٹھارہ ارب چالیس کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون افتخار درانی کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر معاوضوں کی ادائیگی کے چارٹ کے مطابق ان ضلعوں میں مکمل طور پر تباہ ہونے والے 38 ہزار چار سو تہتر گھروں کے لئے تقریباً پندرہ ارب 38 کروڑ نوے لاکھ روپے ادا کئے گئے ہیں جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے انیس ہزار ستانوے گھروں کے لئے تین ارب روپے سے زائد ادا کئے گئے ہیں۔معاون خصوصی نے معاوضوں کی ادائیگی کو قبائلی عوام کی بہتری کے لئے صوبائی حکومت کا ایک اور قدم قرار دیا ہے۔ دریں اثنا خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دو سو چالیس سکولوں اور ستر ہسپتالوں کی تعمیرنو کے لئے ساڑھے پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں۔سرکاری بیان کے مطابق ان اضلاع میں ساڑھے تین سو سے زائد آبی سکیمیں بھی مکمل کی جائیں گی تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں