23

حکومت لے پالک, مہنگائی سے عوام کا خون چوس لیا, سڑکوں پر آنا ہوگا: بلاول

نوابشاہ ، کراچی ،فیصل آباد ،چنیوٹ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سلیکٹڈ اور لے پالک حکومت نے ملکی کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ہے ، وفاقی حکومت نے نہ تھمنے والی مہنگائی سے عوام کا خون چوس لیا ہے ، عوام کو سڑکوں پر آکر ملک اور ملکی معیشت کو بچانا ہوگا۔ وہ گھوٹکی میں سیاسی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفد میں صوبائی مشیر برائے صنعت، کھیل اور امور نوجوان سردار محمد بخش خان مہر، بنگل خان مہر ،سابق وزیراعلیٰ مرحوم علی محمد خان مہر کے بیٹے احمد علی خان مہر بھی شریک تھے ۔ملاقات میں عوامی رابطہ مہم اور گھوٹکی میں علی محمد مہر کے انتقال سے خالی نشست پر ہونیوالے انتخابات پر بات چیت کی گئی۔ قبل ازیں بلاول نے قبرستان پہنچ کر اپنے دادا اور دادی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، انہو ں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔مزید برآں پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس 10جون کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا۔بلاول اور آصف علی زرداری اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے ۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا ۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے چنیوٹ اور فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بجٹ میں عام آدمی پر بجلی گرائی جائیگی ، احتجاج کریں گے ۔ حکمران ہر معاملے میں یو ٹرن لے کر لوگوں کی زندگیاں مشکل نہ کریں،اسمبلیوں کے اندر اور باہر بھی احتجاج کریں گے ۔شہباز شریف واپس آ جائیں تو اچھی بات ہے ۔دوسری جانب سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا عمران خان اب مودی سے مسئلہ کشمیر پربات کریں ۔ قوم عمران خان سے کہہ رہی ہے کہ اب مسئلہ کشمیرحل کرو،مودی نے عمران خان کو نہیں بلایا،ہمیں افسوس ہے ۔ دوسری جانب کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان نے کہاعمران خان اچانک وزیر اعظم کے عہدے سے مستعفی ہوں گے اور موجودہ حکومت اس سال کے آخر میں دم توڑ جائے گی ۔مزید برآں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے عید کی نماز زرداری ہاؤس نواب شاہ میں ادا کی، نماز میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت معززین شہر بھی موجود تھے ۔بعد ازاں انہوں نے اپنے والد حاکم علی زرداری اور والدہ بلقیس بیگم کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ بلاول

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں