37

سپیکر نے زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے تو کرسی چھوڑنی پڑے گی، عوام دوست بجٹ لے آئیں حمایت کروں گا: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سپیکر نے بزدلی کی وجہ سے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے، اگر سپیکر خود مختار ہوئے تو سابق صدر کے آج پروڈکشن آرڈر جاری کردیں گے، حکومت عوام دوست بجٹ لے آئے تو بھرپور سپورٹ کروں گا۔ پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم آصف زرداری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، بزدلی کی وجہ سے زرداری کے پروڈکشن آرڈر نہیں نکالے گئے، سپیکر خود مختار ہوئے تو آج پروڈکشن آرڈرز جاری ہوجائیں گے نہیں تو سپیکر قومی اسمبلی کو عہدے سے الگ ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزدل حکومت ہے جو فوج ، میڈیا اور عوام سے ڈرتی ہے ، حکومت اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے پکڑ دھکڑ کر رہی ہے میرے والد اور کارکنوں کی گرفتاری میری زبان بند نہیں کرسکتی پیپلز پارٹی ان کے دباﺅ سے ڈرنے والی نہیں ہے، آصف زرداری تو بہانہ ہے ان کا اصل نشانہ 18 ویں ترمیم ہے۔ انہوں نے وزیرستان کے ایم این ایز کو گرفتار کیا ، حکومت فاٹا کے الیکشن میں دھاندلی کرنے جارہی ہے ، ہم انسانی حقوق پامال نہیں ہونے دیں گے اپنی پوری طاقت استعمال کرکے انسانی حقوق کا تحفظ کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو مخاطب کرکے کہا آپ عوام دوست بجٹ لے آئیں تو بھرپور سپورٹ کروں گا لیکن عوام پر معاشی حملے ناقابل قبول ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں