3

بے نامی اثاثے ظاہر کریں ، 30جون کے بعد موقع نہیں ملے گا: عمران

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ عوام ایمنسٹی سکیم میں شریک ہوں اور اپنے بے نامی اثاثے ظاہر کردیں، 30جون کے بعد موقع نہیں ملے گا، جب تک ہم ٹیکس نہیں دیںگے ہمارا ملک اوپر نہیں اٹھ سکے گا، عظیم قوم بننے کیلئے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوگا، پچھلے دس سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا، سالانہ ہم 4 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں جس میں سے آدھی رقم پچھلی حکومتوں کے لئے گئے قرضوں کی ادائیگیوں میں چلا جاتا ہے، بچ جانے والے پیسے سے ملک کے خرچے پورے نہیں ہوسکتے، ہمارے اندر جذبہ آگیا تو ہم سالانہ دس ہزار ارب روپے تک بھی ٹیکس جمع کر سکتے ہیں۔ پیر کو پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو پر قوم کے نام اہم پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی وہ قوم ہیں جو بد قسمتی سے سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں لیکن خیرات سب سے زیادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اندر جذبہ آگیا تو ہم سالانہ دس ہزار ارب روپے تک بھی ٹیکس جمع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم ٹیکس نہیں دیںگے ہمارا ملک اوپر نہیں اٹھ سکے گا۔ بے نامی اثاثے، بینک اکائونٹس اور باہر پڑا پیسہ ظاہر کرنے کا 30جون تک وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اپیل ہے کہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہاکہ بے نامی اکائونٹس اور بے نامی اثاثوں اور بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں کی معلومات آ رہی ہیں اور اس سلسلے میں معاہدے بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے پاس وہ معلومات ہیں جو پہلے کسی حکومت کے پاس نہیں تھیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب تک کوئی قوم خود کوشش نہ کرے اللہ تعالیٰ اس کی حالت نہیں بدلتا، اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم سے فائدہ اٹھائیں اور ملک کو فائدہ دیں اور اپنے بچوں کا مستقبل محفوط بنائیں، موقع دیں کہ ہم ملک کو پائوں پر کھڑا کریں اور لوگوں کو غربت سے نکالیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں