17

بینظیر کی سالگرہ ، حمزہ شہباز نے بھی جیالوں کیساتھ کیک کاٹا

لاہور،اسلام آباد : سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی 66 ویں سالگرہ لاہور سمیت ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔ بے نظیر بھٹو کے بچے بلاول بھٹو ، آصفہ اور بختاور بھی موجود تھیں ۔ بچوں کی آنکھیں نم تھیں ۔ آصف علی زرداری بھی غمزدہ دکھائی دئیے مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے بھی جیالوں کے ساتھ بینظیر کی سالگرہ کا کیک کاٹا ۔بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے حوالے سے لاہور میں چار تقاریب منعقد ہوئیں ۔ پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضیٰ کے چیمبر میں منعقد ہونے والی تقریب میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے کاٹا۔ اس موقع پر ن لیگ کی عظمی ٰبخاری، سمیع اللہ خان، وارث کلو، ثانیہ عاشق جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی علی حیدر گیلانی، شازیہ عابد سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بینظیر شہید بہت عظیم اور دلیر خاتون تھیں، سانحہ کارساز کے بعد انہیں معلوم تھا کہ موت انکا پیچھا کر رہی ہے مگر تمام تر خطرات کے باوجود انہوں نے قوم کی خدمت جاری رکھی، بی بی شہید نے اپنی جان کی قربانی دی، میں ہمیشہ انکی قدر کرتا ہوں،اس موقع پر پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ بی بی شہید نے جمہوریت کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم ان کے کردار کی پیروی کریں گے ۔دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس میں بھی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمن کے چیمبر میں کاٹا گیا۔ سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور پی پی پی کے متعدد ارکان پارلیمنٹ موجود تھے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں