6

اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے،حکومت کو نہیں،فردوس عاشق

اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اے پی سی کی شاہکار فلم اسکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی۔ مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔ مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے کیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔ بدھ کو اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا۔ اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب آئندہ چار سال کے لیے خود کو صرف دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔ دریں اثناء فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی پالیسی روزگار دینا ہے چھیننا نہیں ہے۔ ہم یہ تسلیم کرتے ہیں کہ رئیل اسٹیٹ کا کاروبار کرنے والے محب وطن اور ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے لوگ ہیں ان کو نہ ہی مسائل کے حوالے کر سکتے ہیں اور نہ ہی تنہا چھوڑ سکتے ہیں۔ وہ رئیل اسٹیٹ سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کررہی تھیں اور ان کی اس یقین دہانی کے بعد رئیل اسٹیٹ کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں جمعرات کے روز ہونے والا احتجاجی مظاہرہ کو موخر جبکہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں ہونے والے احتجاج کو علامتی طور پر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں