8

سابق دور میں الیکشن سے قبل اربوں کے فنڈز جاری ہونیکی تحقیقات کرینگے : بزدار

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے سابق دور میں لاہور کے حلقوں کیلئے سرکاری خزانے سے اربوں روپے کے فنڈز کے اجرا اور خرچ کرنے کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے ، ہم سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں۔ اے پی سی ذاتی مفادات اور لوٹ مار کی دولت کو تحفظ دینے کی بیٹھک ہے ، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، ملکی مفادات پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا عوام کے ساتھ مذاق کے مترادف ہے ۔وہ پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی کے مطالبے پر کہا کہ سابق دور میں عام انتخابات سے قبل حلقوں کیلئے جاری ہونیوالے اربوں روپے کے فنڈز اور ان کے استعمال کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہوگی ،کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے اورعوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام کرینگے ،اشیاضروریہ کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اور انتظامیہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کے ذمہ داروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے متحرک انداز میں فرائض سرانجام دیئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا ۔وزیراعلیٰ نے لاہور سے مریدکے اور نارنگ منڈی تک لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کو دوبارہ چلانے کی ہدایت کی اورکہا کہ متعلقہ حکام اس ضمن میں جلد اقدامات کرکے روٹ کو بحال کریں۔وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن سمیت صوبے کی 257 غیر فعال واٹر سپلائی سکیمو ں کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں کی بحالی کیلئے فنڈز مختص کر دیئے گئے ہیں۔لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ واربرٹن میں اراضی سنٹر قائم کیا جائے گا۔شاہکوٹ جڑانوالہ روڈ کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کریں گے ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی۔مزید برآں ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ دریں اثنا انہو ں نے لورا لائی پولیس لائنز پر دہشت گردو ں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کی بہادری کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔انہو ں نے کہا کہ کانسٹیبل نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر بڑے نقصان سے بچایا، قوم کو کانسٹیبل اللہ نواز کی شہادت پر فخر ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں