65

جج کی تردیدکے بعد ویڈیو کی کوئی حیثیت نہیں:شاہ محمود

ملتان: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ جس ویڈیو کا ذکر کر رہی ہے ۔ خود جج صاحب نے اس کی نفی کردی ، اس کے بعد ویڈیو کی کوئی حیثیت اور اہمیت نہیں تاہم حکومت مریم نواز کے الزامات کی مکمل تحقیقات کرے گی ، ویڈیو کے فرانزک معائنہ کے بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ن لیگ کی مزید ویڈیو کی بات مفروضوں پر مبنی ہے اس پر بات نہیں کرونگا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مریم نواز کو منڈی بہاؤ الدین میں جلسہ کرنے سے نہیں روکا گیا بلکہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا کہا گیا ۔ قبل ازیں ملتان میں نجی حج آپریٹر کے زیر اہتمام حجاج کرام کی تربیتی نشست کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پہلے دور میں حجاج کرام کی رقوم خوردبرد کرکے بیرون ملک جائیدیں بنائی گئیں ،تحریک انصاف کی حکومت نے سعودی حکومت سے مذاکرات کرکے حجاج کی رہائشی سہولتوں کا بندوست کیا اور اس معاہدے سے حجاج کرام کو ان کی رقوم واپس کی جارہی ہیں، یہ نئے پاکستان کی تبدیلی ہے ، حکومت نے حجاج کرام کی سہولت اور آسانی پیدا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اگلے سال سے لاہور ، کراچی ، ملتان اور دیگر شہروں کے حاجیوں کو یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں