25

حکمرانوں نے معیشت کا بیڑا غرق کردیا : اب سلیکشن نہیں شفاف الیکشن کرانا ہوں گے : بلاول

رحیم یارخان،صادق آباد : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا، آئی ایم ایف کے بجٹ میں امیروں کو ریلیف اور غریبوں کو تکلیف دی گئی،پیپلز پارٹی عوام کے لیے بھر پور آواز اٹھائے گی،کٹھ پتلیوں کو سیاست سے فارغ کرنا ہے ،اب سلیکشن نہیں شفاف الیکشن کرانا ہوں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ پنجاب بارڈر پرصاد ق آباد کی یونین کونسل نواز آباد میں ایم پی اے ممتاز چانگ کی جانب سے منعقد ہ ورکرز کنونشن سے خطاب کر تے ہوئے کیا ، اس موقع پر سید خورشید شاہ ،مخدوم شہاب الدین،مخدوم سیداحمد محمود،مخدوم مرتضیٰ محمود ،میاں محمد اسلم شازیہ عابد ودیگربھی موجود تھے ، بلاول بھٹو نے کہا کہ آئندہ شفاف الیکشن ہوگا ورنہ پیپلز پارٹی انتخاب یا انقلاب کا نعرہ لیکر میدان میں آئے گی، عمران خان نے قوم سے جھوٹے وعدے کئے ، یوٹرن لئے ،ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کا وعدہ پورا ہوتا نظر نہیں آرہا ،ترقیاتی فنڈزمیں کٹوتی کر کے صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا،جب تک معاشی حقوق فراہم نہیں کئے جاتے جمہوری حقوق کی فراہمی ممکن نہیں،پنجاب میں کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ہے ،اپنے حقوق کے لیے بول نہیں سکتا تو عوام کے حقوق کا تحفظ کیسے کرے گا ،پاکستان میں منصفانہ نہری پانی کی ضرورت ہے ،ضلع رحیم یار خان سمیت جنوبی پنجاب میں نہری پانی چوری نہیں ہونے دیں گے ،بلاول نے کہا کہ کٹھ پتلیوں کو گھر بھیجا جائے گا،صوبے دیوالیہ ہو رہے ہیں،عمران خان کا ہر وعدہ جھوٹا نکلا، سلیکٹڈ وزیراعظم نے یو ٹرن لیا اور آئی ایم ایف کے سامنے سر جھکا دیا،ہم نے اپنے دور حکومت کے بدترین حالات میں بھی عام آدمی کے معاشی مسائل کاخیال رکھا ،آئی ایم ایف کے بجٹ میں امیروں کیلئے این آر او ہے ،انہوں نے میزبان ممتاز چانگ کی پارٹی خدمات کو سراہا،پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود ،مرشد سعید ناصر،آصف قذا فی، میاں رب نواز قریشی نے بھی خطاب کیا اور کارکنوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔واضح رہے کہ گرمی کے باعث کارکنوں کیلئے ائیر کنڈیشنڈ ہال اور کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں