67

کے ایم سی، سالڈ ویسٹ نالوں کی صفائی یقینی بنائیں، کمشنر

کراچی: کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کے ایم سی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ باہمی روابط سے مون سون بارشوں سے قبل تمام نالو ں کی صفائی یقینی بنائیں اور انتظامات کو حتمی شکل دے کرتمام محکموں کے ساتھ مل کر کام کریں ۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر میں مون سون بارشوں کے حوالے سے منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز،پی ڈی ایم اے، کے ایم سی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ، پولیس، پاک افواج، فائر بریگیڈ، پاکستان رینجرز سول ڈیفنس، کنٹونمنٹ بورڈ،کے الیکٹرک، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی،ضلع کونسل، تعلیم وصحت کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں موجود تمام ڈپٹی کمشنر ز نے اپنے اپنے اضلاع کے بارے میں ہنگامی پلان کے بارے میں تفصیلات، تمام محکموں کے ساتھ اجلاس اور رابطوں کے بارے میں آگاہی دی۔کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اسٹاف کی ضروری تربیت کا انتظام کیا جائے تاکہ انہیں دوران بارش کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ ریلیف و ریسکیو آپریشن میں مددگار ثابت ہو سکیں ۔ کمشنر نے کہا کہ پاک فوج کی مدد سے تربیت کیلئے تمام محکمے اپنے اسٹاف کی فہرست بھیجیں۔سول ڈیفنس کے عملے کو بھی ضروری تربیت دلوائی جائے تاکہ وہ بھی ہنگامی حالات میں اپنا بھرپورکردار ادا کر سکیں ۔ افتخار شالوانی نے کے الیکٹرک اور پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ دونوں ادارے بجلی اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں