48

لگتا ہے ورلڈ کپ جیت کر آرہا ہوں،کسی کے سامنے جکھا ہوں نہ اپنی قوم کو جھکنے دوں گا : عمران خان

لاہور : وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے مجھے ایسا لگا کہ باہر کسی دورے سے نہیں ورلڈ کپ جیت کر آرہا ہوں،ہم نے عظیم ملک بننا ہے ، جس کا خواب علامہ اقبال ؒ نے دیکھا تھا ،قائد اعظمؒ ہمارے عظیم لیڈر تھے ،بار بار کہا کسی کے سامنے جھکا ہوں نہ اپنی قوم کو جھکنے دوں گا ۔ رات گئے امریکہ سے وطن واپسی پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر استقبال کیلئے آنیوالے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا اللہ نے ہمیں 27 ویں رمضان کو ملک دیا تھا،جو اسلام کے نام پر بنا ، یہ اللہ کا خاص ملک ہے ، آپ اس کے شہری ہیں ،ہمیں خوددار قوم بننا ہے ، بھیک مانگنے اور جھکنے سے کوئی قوم کبھی بڑی نہیں بنی، نبی کریمؐ نے اسلامی ریاست شریعت کے اصولوں کی بنیاد پر بنائی تھی،ہمیں پاکستان کو بھی اسلامی اصولوں کے مطابق تشکیل نو سے گزارنا ہے ، ڈاکوؤں نے ملک کو مشکل حالات میں چھوڑ دیا ،ہم پاکستان کو مشکل حالات اور بحرانوں سے نکالیں گے ، اندرونی وسائل سے ملک کو پیروں پر کھڑا کریں گے ، اپنے ہی پیسے سے بچوں کو پڑھائیں گے ، روزگار کے مواقع بھی اپنے وسائل سے پیدا کریں گے ، دنیا صرف اس کی عزت کرتی ہے جو اپنی عزت کرتا ہے ، ہاتھ پھیلانے اور جھکنے والوں کی کوئی عزت نہیں کرتا، آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا، آگے ضرور بڑھیں گے مگر اس کیلئے لازم ہے کہ جنہوں نے قوم کو لوٹا ان کا بھرپور احتساب کیا جائے ، انہیں جیلوں میں ڈالا جائے ، چوروں نے ملک کو مقروض کردیا،غریب لوگوں کا پیسہ چوری کر کے بیرون ملک منتقل کیا اورادارے تباہ کر دیئے ، جن کو ٹھیک کرنا ہے ، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک سے اپیل کی ہے کہ لوٹی ہوئی دولت کی واپسی میں ہماری مدد کریں، ہمیں اللہ نے ہر نعمت سے نوازا ہے ، ضرورت صرف اداروں کو درست کرکے ڈھنگ سے کام کرنے کی ہے ، وہ وقت جلد آئے گا جب دنیا سبز پاسپورٹ کی عزت کرے گی،پاکستان کو مدینہ کے اصولوںکے مطابق عظیم ملک بنائیںگے ۔ وزیر اعظم کے استقبال کیلئے فردوس عاشق اعوان، غلام سرور خان ، جہانگیر ترین ، وفاقی وزرا،پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد ایئر پورٹ پہنچی تھی ، کارکنوں نے پارٹی ترانوں کی گونج اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔ قبل ازیں امریکہ سے واپسی پر وزیر اعظم نے دوحہ میں مختصرقیام کیا ،قطری ہم منصب نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا،مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد ، معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے ۔ بعد ازاں قطری وزیراعظم عبداللہ بن نصربن خلیفہ الثانی انہیں اپنی رہائشگاہ پر لے گئے ، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی تعلقات مضبوط بنانے پربات چیت ہوئی۔ جس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے معاشی تعاون پرقطرکاشکریہ اداکیا،دونوں وزرا اعظم نے تجارت،توانائی اورہوابازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پراتفاق کیا جبکہ افرادی قوت اورعوامی رابطوں کوفروغ دینے کاعزم دہرایاگیا،دونوں وزرااعظم نے قطرمیں پاکستانیوں کے کردارکوبھی سراہا،وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کی،قطری وزیراعظم نے عمران خان اوروفدکے اعزازمیں عشائیہ دیا۔وزیراعظم نے واشنگٹن میں قیام کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات کی، ارکان کانگریس،امریکی تھنک ٹینک اورکیپٹل ون ایرینا میں پاکستانیوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کیا۔آن لائن کے مطابق وطن روانگی کے موقع پر وزیر اعظم کی جانب سے تصاویر شیئر کی گئیں، ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی کی سوشل میڈیاٹیم نے دورہ امریکہ کی 24 گھنٹے کوریج کی اور بروقت اپ ڈیٹس دیں اور واشنگٹن میں ہونیوالی مثبت پیشرفت کواجاگر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں