51

کامیاب جلسے نے حکمرانوں کا جینا حرام کردیا :مریم

کوئٹہ :مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کوئٹہ کے کامیاب جلسے نے حکمرانوں کا جینا حرام کردیا ، بلوچستان کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے جمہوریت کی مضبوطی اور آئین کی بالادستی کے ساتھ ساتھ اس مسئلے کو بھی ہر فورم پراٹھائینگے ، موجودہ صوبائی حکومت عوام کی منتخب کردہ نہیں ، نالائق وزیر اعظم نے ملک کو تباہی وبربادی سے دوچار کر دیا ،ملکی معیشت نہ ہونے کے برابر ہے ، احتساب کے نام پر بدترین انتقام لیا جارہا ہے ،جیلیں بھر دیں گے لیکن حکومت کو نہیں مانیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما سردار یعقوب خان ناصر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین،سینیٹر کبیر محمد،صفدر عباسی،عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدراصغر خان اچکزئی،جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع،سابق سپیکر بلوچستان راحیلہ حمید درانی ،ارباب فاروق کاسی،رشیدخان ناصر،عصمت اﷲ سالم،مسلم لیگ(ن)کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ بھی موجود تھے ۔ مریم نواز نے کہا پاکستان اس وقت نازک صورتحال سے گزررہا ہے امریکہ اپنے مفادات حاصل کرنے کیلئے پاکستان کوایک بار پھر استعمال کررہا ہے اور نا لائق وزیر اعظم اپنے ناکام دورے کو کامیاب دورہ سمجھ کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں جس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے ۔وقت اورحالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل طے کر کے موجودہ حکمرانوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔ عمران خان کی حکومت میں لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی بھی بد ترین انتقام کا شکار ہے ، نواز شریف آج بھی غریب کے ساتھ کھڑا ہے ، ہمارے دور میں ادویات مفت ملتی تھیں، بلوچستان کے معاملات کو سیاسی طور پر حل کیا جائے ، وقت اور حالات کاتقاضا ہے کہ اب تمام سیاسی جماعتیں ملکی معاملات کو مد نظر رکھ کر فیصلہ کریں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں