33

سعید اجمل کی قومی کرکٹ ٹیم کا بالنگ کوچ بننے میں دلچسپی

لاہور: سابق آف اسپنر سعید اجمل نے قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کردی ہے جن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے تجربے اور مہارت کی بدولت پاکستان کو کچھ واپس دینا چاہتے ہیں اور موقع ملنے پر خود کو قومی ٹیم کیلئے طویل مدت تک قیمتی ثابت کردیں گے ۔41 سالہ سابق آف اسپن بالر کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ وہ بالنگ کوچ کی حیثیت سے پاکستانی ٹیم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں جس کیلئے انہوں نے پی سی بی کے علاوہ انگلینڈ سے بھی لیول ٹو کوچنگ کورس کیا ہوا ہے جبکہ وہ آئندہ برس اپریل میں لیول تھری کا مرحلہ بھی طے کرنا چاہتے ہیں۔سعید اجمل کا کہنا تھا کہ کوچنگ ان کیلئے کوئی نیا کام نہیں کیونکہ وہ اپنی اکیڈمی میں دو سو بچوں کو تربیت دے رہے ہیں اور اپنا تجربہ قومی کرکٹرز تک بھی منتقل کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پی سی بی حکام بھی مقامی کوچز کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں جن کی خدمات کھلاڑیوں کی بہتری میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ سعید اجمل کے مطابق وہ بہت سارے لوگوں کی اس بات سے متفق ہیں کہ بابر اعظم مستقبل کیلئے بہترین ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان بن سکتے ہیں کیونکہ قیادت کے بارے میں فیصلہ کرتے ہوئے کارکردگی اولین ترجیح ہونا چاہئے اور بابر اعظم کی کارکردگی چونکہ کھیل کے تینوں فارمیٹس پر مثالی رہی ہے لہٰذا انہیں کپتانی دینے میں کوئی مسئلہ نہین ہونا چاہئے ۔محمد عامر کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستانی کرکٹ کیلئے بہت بڑا دھچکا ہے جس سے قومی ٹیم کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں