28

عید پرفول پروف سکیورٹی کی ہدایت, صفائی کے انتظامات میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا: بزدار

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس میں عیدالاضحی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی اقدامات اور صفائی کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب بھر میں یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کیلئے خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیاگیا جبکہ 15اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا۔اجلاس میں حالیہ بارشوں کے باعث انسداد ڈینگی کے لئے متعلقہ محکموں او رانتظامی افسران کو متحرک کرنے اور انسداد پولیو کیلئے بھی مربوط انداز میں موثر اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیااورفیصلہ کیاگیا کہ روٹی کی پرانی قیمت ہی برقرار رہے گی۔ اجلاس میں پلانٹ فار پاکستان پروگرام کو کامیاب بنانے اورنئے اراضی سنٹرز اورزمینوں سے متعلقہ معاملات کے جلد حل کے حوالے سے اقدامات پر غور کیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے عیدالاضحی پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید اجتماعات کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کیلئے انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔ عید پر میں چھٹیاں نہیں کروں گا بلکہ فیلڈ میں جاؤں گااور میں کسی بھی شہر جا کر صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔ انتظامیہ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے افسران صفائی کے انتظامات کو خود مانیٹر کریں ،لاہور اور بڑے شہروں میں صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو کانگو وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے اور جہاں بھی کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہو وہاں فی الفور تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے کیلئے خصوصی تقریبات کے انعقاد کا فیصلہ کیاہے ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پر پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔ صوبہ بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور سیمینارز منعقد ہوں گے اورپوری قوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرے گی۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اگست کے آخری ہفتے میں لاہو رمیں خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اراضی سنٹرز کی تعداد بڑھائی جارہی ہے اور115نئے اراضی سنٹرز 31دسمبر تک کام شروع کردیں گے ۔نئے اراضی سنٹرز کے فنکشنل ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور بلوچستان کے وزیر صنعت نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور لائن آف کنٹرول پر کلسٹر بموں سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات کی بھی شدید مذمت کی،وزیر اعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اورمودی سرکار کے غیر قانونی، غیر آئینی اورغیر جمہوری ہتھکنڈوں کو مسترد کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان کے ایئرپورٹ کو مزید وسیع کیا جائے گا اور طیاروں کیلئے نائٹ لینڈنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے مواصلاتی رابطے بہتر کرنے کیلئے سڑکوں کی تعمیر و توسیع کی جائے گی اورسخی سرور روڈ اور تونسہ ہائی وے کی توسیع کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اوتمان خیل نے بلوچستان کے دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلی ہی فرصت میں بلوچستان آؤں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں