36

بارش کی پیشگوئی ،مویشی منڈی انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا

کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے چار روزہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد سپر ہائی وے پر قائم مویشی منڈی میں بھی حفاظتی اقدامات کیے جارہے ہیں۔مویشی منڈی کے ترجمان کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے چار روزہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر منڈی انتظامیہ کی جانب سے بھی بیوپاریوں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔تمام بیوپاریوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے جانوروں کو بجلی کے پول سے نہ باندھیں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جاسکے ۔ترجمان کا کہنا تھا کہ منڈی کے تمام 48 بلاکس میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں کسی بڑے نقصان سے بچنے کے لیے اعلانات اور اقدامات قبل از وقت کیے جاچکے ہیں۔ گزشتہ دو روزہ بارش سے متاثرہ بلاک 37 اور 38 میں وارننگ دی گئی ہے کہ بیوپاری وہاں کسی جانور کو نہ باندھیں اور وہاں نو انٹری کے بورڈ بھی نصب کررہے ہیں۔ قربانی کے جانوروں اوربیوپاریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے الرٹ بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر ہیوی مشینری الرٹ کی جاچکی ہے اور مختلف بلاکس میں 72 پمپس پہلے ہی نصب ہیں جہاں پانی آنے کی صورت میں فوری طور پر اس کی نکاسی کر دی جائے گی۔ مختلف بلاکس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامیہ کے سیکڑوں ورکرز بھی الرٹ رہیں گے ، قربانی کے جانوروں میں مختلف قسم کے وبائی امراض سے بچنے کے لئے ویٹرنری ڈاکٹرز بھی 24گھنٹے مختلف بلاکس میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں