11

اپوزیشن ملک وقوم کیلئے ہرقربانی دینے کوتیار:شہبازشریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔ اس موقع پرشہباز شریف نے کہا اپوزیشن ملک و قوم کے مفادات کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ، جوہری پروگرام سمیت قومی مفاد کے کسی معاملے میں سودے بازی نہیں ہونے دیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کسی خوف اور فکر کے بغیر کسان ، صنعتکار اور غریب کی آواز بنے گی،عوامی رابطہ مہم مزید تیزہوگی، ورکرز کنونشن منعقد ہونگے ۔ انہوں نے کہامہنگائی، بے روزگاری، بجلی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ،تاجر، صنعتکار، دکاندار اور مزدور کے حقوق کی جنگ پوری قوت سے لڑیں گے ۔یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر بھرپور انداز سے منایا جائے گا،کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کے اظہار کیلئے 14 اگست کو لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کریں گے ،حکومت کشمیر، معیشت سمیت قومی اور عوامی معاملات پر اپنی تاریخی ناکامیوں کو اپوزیشن کی گرفتاریوں سے چھپانا چاہتی ہے ،11 ماہ میں تاریخ کا سب سے زیادہ 31.8 کھرب کا قرض ناکام حکومت کا معاشی جرم ہے ،آئی ایم ایف اور ٹیکس وصولیوں کے اہداف میں مکمل ناکامی سے قومی مفادات کو سنگین خطرات لاحق ہیں، جیل، ہتھکڑی، گرفتاری اور گالی ہمیں ناکام نیازی کے جھوٹ بے نقاب کرنے سے نہیں روک سکتی ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کردارکشی اور انتقام کے ہتھکنڈے پہلے بھی بھگت چکی ہے ،عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کیخلاف زہریلے پراپیگنڈے کو مسترد کیا اور اس پر ہمیشہ اعتماد کیا۔ بعد ازاں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف گزشتہ روز لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کے گھر آئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں