8

پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے تحت کشتیوں کی ریس کا انعقاد

کراچی : یوم آزادی پاکستان کے سلسلے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے تحت مختلف تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں پرچم کشائی، کھیل ، آرٹ اور فیسٹیول کے مقابلے شامل تھے جو کہ کورنگی، اوتھل ،گوادر، جیوانی اور پسنی میں منعقدکرائے گئے۔ تقاریب میں بڑی تعداد میں علاقے کے معززین نے شرکت کی ۔ 14اگست کے حو الے سے پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز میرین ونگ کیماڑی کے تحت منوڑہ سے لے کر کیماڑی تک کشتی رانی ریس کا انعقاد کیاگیا۔ منوڑہ سے شروع ہونے والی اس ریس میں20کشتیوں نے حصہ لیا۔ مقابلے میں کافی جوش و خروش دیکھنے کو ملا اور شرکا نے خوب داد سمیٹی۔ ہر ماہی گیر کی کوشش تھی کہ وہ اس ریس کو جیتے۔ پاکستان کوسٹ گارڈز کے زیر اہتمام یوم آزادی پاکستان کشتی رانی 2019 کے مقابلے میں پہلی پوزیشن النور لانچ کے مالک شہزاد، دوسری پوزیشن الگلاب لانچ کے مالک اویس اور تیسری پوزیشن الحسینی لانچ کے مالک نوید نے حاصل کی۔ میرین ونگ کمانڈرمحمد راشد غفور نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں بھی کرائی جائیں گی تاکہ پاکستان کوسٹ گارڈز اور ماہی گیروں کے درمیان محبت اور حب الوطنی کی روایت قائم و دائم رہے۔ علاوہ ازیں چیئرمین فشر مینز کو آپریٹو سوسائٹی عبدالبر کی ہدایت پر کیماڑی سے بابا بھٹ تک جشن آزادی لانچ ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس میں ماہی گیروں، پاک نیوی، میری ٹائم سیکیورٹی کے افسران و جوانوں اور اسکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں