15

انسانی حقوق پامال کرنیوالاکشمیر پر کیسے بات کرسکتا ہے :بلاول

سکردو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت اخلاقی میدان میں بری طرح جنگ ہار چکا ہے ،مودی نہ منموہن ہے نہ واجپائی، ہم شروع سے خبردار کرتے آرہے ہیں، مودی ہندوتوا نظریے کا حامل ہے ، اسے تو ویزا تک نہیں ملتا تھا،ایک شخص جو اپنے ملک میں انسانی حقوق پامال کر رہا ہے وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر کیسے بات کرسکتا ہے ؟ ۔ بلاول بھٹو زرداری کے سکردو پہنچنے پر پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کشمیر کے ساتھ کیے وعدوں کو پورا کریں گے ۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقیدکرتے ہوئے کہا کہ ایک کٹھ پتلی فاشست کیسے دوسرے کٹھ پتلی فاشسٹ پر تنقید کرسکتا ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری 22اگست کو سکردو جبکہ 24اگست کو گھانچے میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور آج استور کے لئے روانہ ہوں گے جہاں ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے ۔ بلاول بھٹو سے علما ومشائخ کے وفد نے بھی ملاقات کی دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری کا ایئرپورٹ سے سکردو شہر تک جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا۔عبد الکریم نامی جیالے نے 70 کنال ملکیتی زمین بلاول بھٹو زرداری کو تحفہ میں دیدی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں