16

بلاول کرپشن بچانے کیلئے کشمیرکازکاسہارانہ لیں:فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے بلاول بھٹوکے خطاب پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو اپنی کرپشن بچانے کیلئے کشمیر کازکاسہارانہ لیں۔ کشمیری حق خودارادیت کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، نئے پاکستان میں قانون کایکساں اطلاق ہوگا،بھٹوکے وژن سے غداری بھٹوازم پرکرپشن کاداغ لگانے والوں نے کی۔میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اور اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں نمایاں کمی درست حکومتی پالیسیوں کا ثبوت ہے ، قوم کو معاشی محاذ پر خوش خبریاں ملنا شروع ہوگئی ہیں، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جو مالی سال 2018ء میں2.1 ارب ڈالر تھا، اب کم ہو کر 57کروڑ 90 ڈالر پر آگیا ہے ،انشا اللہ اس کے فوائد جلد عوام تک پہنچیں گے ۔ٹویٹ میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ آنے والے ماہ و سال ملک و قوم کے لئے مزید خوشخبریاں لائیں گے ۔ پروگرام “نقطہ نظر ” میں میزبان اجمل جامی سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر کابینہ میں اتفاق رائے ہوا تھا کہ ہمیں ہر فورم پر جانا چاہیے ،عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنے کے حوالے سے اصولی طور پر ہم متفق ہیں،اس حوالے سے ایک قانونی ٹیم جائزہ لے رہی ہے ۔اس کا میکنزم کیا ہوگاہم براہ راست جائیں گے یا بالواسطہ ،اس کے روڈمیپ پر مشاورت ہورہی ہے اس سلسلے میں آج بھی کور کمیٹی کی میٹنگ ہوئی ہے جس میں ترجیحات کا تعین کر لیا گیا ہے انھوں نے کہا کہ یہ کسی ایک شخص کا فیصلہ نہیں ہوگا،یہ ایک قومی بیانیہ ہے ملک اور بیرون ملک تمام قانونی ماہرین سے مشاورت ہو گی ،یہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے اس کے ہر پہلو کا جائزہ لیا جائے گااور اس کے بعد کوئی میکنزم بنے گا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کے معاملہ پر پاکستان کی کمٹمنٹ پوری کی جائے گی ۔اس وقت کوئی ویزا نہیں لیا دیا جا رہا،سارا عمل رکا ہوا ہے ، یہ سکھ برادری کا انتہائی اہم مذہبی مقام ہے اس کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن 10سال تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ،مولانانے اپنی زبان پر خود ساختہ کرفیو لگا رکھا ہے اسے ہٹائیں اور کشمیر پر بولیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں