11

وزیر اعظم اور آرمی چیف کا دورہ کنٹرول لائن,یوم دفاع وشہدا پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی مسلح افواج کی تیاریوں ,بھارتی اشتعال انگیزیوں کے بھرپور جواب اور بلند حوصلوں کی تعریف

راولپنڈی: وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہدا پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کنٹرول لائن کادورہ کیا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام بھی ان کے ہمراہ تھے ،وزیراعظم کو کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی ، عمران خان نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے شہریوں سے گفتگو کی اوران کی خیریت دریافت کی،وزیراعظم نے کنٹرول لائن پر تعینات فوجی جوانوں اور افسروں سے ملاقات کی ،عمران خان نے پاک فوج کی کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی تیاریوں،بھارتی اشتعال انگیزیوں کا بھرپور جواب دینے اورجوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی۔وزیراعظم نے زخمیوں اور شہدا کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت کی جانب سے جان بوجھ کر آزاد کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانااور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بدترین مثالیں ہیں، وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کشمیری عوام کیساتھ مضبوطی کیساتھ کھڑا ہے اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا ہماری حالیہ کوششوں نے بھارت کی فاشسٹ حکومت کو دنیا بھر میں بے نقاب کر دیا جبکہ ہماری افواج بھارتی جارحیت کی کسی بھی کوشش کا موثر جواب دینے کی نہ صرف صلاحیت رکھتی ہیں بلکہ پوری طرح تیار بھی ہیں۔ ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منایا گیا ، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی دی گئی،کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی ، اصغر خان اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ، 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستے میں 5 خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں،مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ایئر وائس مارشل حامد رشیدنے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ، مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ لاہور میں مزار اقبال پر پنجاب ر ینجرز نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے ،میجر جنرل محمد عامر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے ،پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی، لاہور کے میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اورفاتحہ خوانی کی گئی ، پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی ، آرمی چیف کی جانب سے مزار پر گلدستہ رکھا گیا،اس موقع پر میجر شبیر شریف کے بیٹے تیمورشریف، بہن اور فوج کے افسر موجود تھے ،برکی ،باٹا پور اور مناواں میں یار گار شہدا پر حکومتی، فوجی شخصیات اور شہریوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، کلیام اعوان میں نشان حیدر پانے والے کیپٹن راجا محمد سرور شہید کی یادگار پر بھی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،آرٹلری کمانڈنٹ بریگیڈیئر ذوالفقار علی مہمان خصوصی تھے ، جنہوں نے یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فوج کے چاق چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بھی تقریب ہوئی ، جس کے مہمان خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے ،انہوں نے بھی یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور وطن عزیز کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا،سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں کیپٹن کر نل شیر خا ن شہید کے مزار پر حا ضر ی دی اور پھول چڑھائے ، پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد میں قرآن خوانی اور شہداکیلئے اجتماعی دعا کی گئی ،اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نے شہیدکیپٹن عاقب جاویدکی قبرپرحاضری دی اور پھول چڑھائے ،یوم دفاع کے موقع پر جنگی طیاروں اور ہتھیاروں کی نمائش بھی گئی ، لاہور ایئر بیس پر جنگی طیاروں نے فلائی مارچ کیا جبکہ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کی سہ پہر 3 بجے ملک بھر میں تمام دفاتر بند کر دیئے گئے اور عوام نے کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیا،مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے راولپنڈی ،اسلام آباد سمیت ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارزکا انعقاد کیا گیا، آزاد کشمیر میں بھی یوم دفاع و شہدا جوش و جذبے سے منایا گیا ،شہدا کے مزاروں پر پھو ل چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی ، مظفر آباد ، پونچھ ، میر پور، باغ ،ہٹیاں بالا، پانیوالہ،ڈڈیال اور آٹھ مقام سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی مظالم کیخلاف ریلیاں نکالی گئیں،وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کیا، دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزرا نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہدا کے گھر جا کر لواحقین سے ملاقاتیں کیں اور شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کیا ، صدر عارف علوی خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ شہید کیپٹن محمد الحسنین نواز کے گھر گئے اور اہلخانہ سے ملاقات کی ،صدر مملکت نے کہا پوری قوم شہدا اور ان کے اہلخانہ کو سلام پیش کرتی ہے ، جنہوں نے جان کی قربانی دیکر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،مادر وطن کی حفاظت کیلئے جان نچھاور کرنا ہماری قوم کا شیوہ ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شہید کیپٹن جنید عرفان عباسی کے گھر جا کر اہلخانہ سے ملے ، شہید کی والدہ کو گلدستہ پیش کیا ،اس موقع پر وزیر خارجہ نے شہید کے والدین کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا قوم کو شہدا اور غازیوں پر فخر ہے ، یوم دفاع کے دن کی مناسبت سے میرا پیغام یہی ہے کہ دشمن کسی بھول میں مت رہے ، پوری قوم اپنی جری افواج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ،وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری بھی کیپٹن جنید عرفان عباسی شہید کے گھر گئے اور شہید کی قربانی کو سلام پیش کیا ، وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ راشد منہاس شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے ان کے گھر گئے اور شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی، وزیر داخلہ نے کہا راشد منہاس کی شہادت ان کے اہلخانہ اور پوری قوم کیلئے باعث فخر ہے ،قوم ان کو سلام پیش کرتی ہے ، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحریک انصاف کے رہنماؤں عامر محمود کیانی ،بابراعوان اور زاہد حسین کاظمی نے کرنل سہیل عابد شہید کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور عمران خان کا پیغام پہنچایا ، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے شہید کی بیوہ کو قرآن پاک کا نسخہ اوربچوں کو پھول پیش کئے ،معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے لواحقین سے ملاقات کی،شہید کی والدہ کو گلدستہ پیش کیا،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان کادفاع اس وقت تک مضبوط نہیں ہوسکتا جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا،ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں ، جنہوں نے کئی گنا بڑے دشمن کو مار بھگایا ،وزیر مملکت برائے انسداد منشیات و سیفران شہریارخان آفریدی اے این ایف کے شہید ڈرائیور محمد زاہد کے گھر گئے اور شہید کے خاندان سے اظہار یکجہتی کیا،وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے شہید سپاہی نعیم اختر کے گھر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی ، عمر ایوب نے کہا نعیم اختر کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے ،بعدازاں وفاقی وزیر نے شہید سپاہی نعیم اختر اور لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشان حیدر) کی یادگار کا بھی دورہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں