11

شہدا کے خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائیگی : بزدار ,شہید لانس نائیک تیمور اسلم کے گھر آمد

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار یوم دفاع کے موقع پر لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید ہونے والے لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی رہائشگاہ پیر کالونی والٹن گئے ۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے والد محمد اسلم،نانا اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی دفاع وطن کیلئے عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہید کی روح کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے ان کے اہل خانہ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ محمد تیمور اسلم کی جرأٔت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید فوجی جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔وطن کی مٹی پر فدا ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہدا نے قوم کے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے ، وطن پر نثار ہونے والے شہدا پر ناز ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی ہر ممکن مدد کے لئے حاضر ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانیوں کو محمد تیمور اسلم کی لازوال قربانی پر ناز ہے ۔جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہیدوں کی قربانیوں کے باعث ہم پرامن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔شہدا کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔شہدا کے خاندانوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم انتہائی قابل مذمت ہے ۔پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔ یومِ فضائیہ کے موقع پر پیغام میں سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا روشن باب ہے ۔ پاکستان کے شاہینوں نے جرأٔت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں اورپاک فصائیہ کے جانبازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے مکار دشمن کو شکست دی اور دشمن کی فضائی طاقت کو نیست و نابود کیا۔ پاک فضائیہ کے ناقابل فراموش کردارکو سنہری حروف سے دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اندھیرے میں بھارتی دراندازی کے برعکس دن کی روشنی میں دشمن کے دانت کھٹے کئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مالامال ہیں، وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت چوکس ہیں اور مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں