9

زرداری سے پلی بارگین جاری , نواز شریف کیا فیصلہ کرتے ہیں : شیخ رشید

ملتان،لودھراں،سکندرآباد : وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ زرداری کے ساتھ پلی بارگین جاری ہے ، زرداری کے دوست پلی بارگین کر رہے ہیں ،عمران خان پیسے کے بغیر کسی کو نہیں چھوڑے گا ,دیکھتے ہیں محرم کے بعد نواز شریف کیا فیصلہ کرتے ہیں،نواز شریف نے کہا ہے کہ میں بات کرنا چاہتا ہوں ، پتہ نہیں وہ کس کے ساتھ بات کرنا چاہتے ہیں، انشا اﷲ کشمیر آزاد ہو گا ،مودی نے بہت بڑی غلطی کی ہے ،اگر انڈیا نے حملہ کیا تو اسے برباد کردیں گے ،سعودی عرب اور امارات وزرائے خارجہ کی آمد کا مقصد شاہ محمود ہی بتائیں گے میں کسی وزرات میں مداخلت نہیں کرتا،فردوس عاشق اعوان اور آئی ایس پی آر سے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کیلئے ٹی وی نشریات کا فوری طور پر آغاز کیاجائے ، 15ستمبر تک ریلوے نظام بہتر ہو جائے گا ،ملتان کو سندھ ایکسپریس کا تحفہ دیا،ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان،بہاولپور، لودھراں، خان پور،رحیم یارخان،شجاع آباد کے ریلوے سٹیشنوں کے دورے کے موقع پر گفتگو اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، یکجہتی ٹرین مارچ کے ملتان پہنچنے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ آصف زرداری کے کچھ لوگ پلی بارگین کی کوشش کر رہے ہیں ، اگر نواز شریف کرنا چاہتے ہیں تو براہ راست آئیں ،فوج کے پاس اسلحہ شب برأت کے لئے نہیں ہے ،شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ 27ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں خطاب کرکے کشمیر کی صورتحال اور بھارتی سازشوں کو بے نقاب کریں گے ،مودی مقبوضہ کشمیر میں ایک نئی چال چلنے جارہا ہے ،کشمیریوں کو ویزوں کے لالچ دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے لیکن کشمیری مودی کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے ،بھارت نے آسام میں مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنادیا ہے انہوں نے کہا کہ 15ستمبر تک ریلوے کا نظام بہتر ہو جائے گا، ملتان کو سندھ ایکسپریس کا تحفہ دیا ہے ،5سال میں ریلوے کو خسارے سے نکال لیں گے ،کوریا کے ساتھ ایم ایل ٹو سائن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،اس موقع پر ڈی ایس ریلوے امیر محمد دائود پوتا ،ڈپٹی ڈی ایس ریلوے صائمہ بشیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔لیاقت پور میں لوگوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہندوستان کو نیست و نابود کر دیں گے ۔خانپور میں شیخ رشید کا پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شاندار استقبال کیا ،شیخ رشید نے خان پور کے لئے ملت ایکسپریس کا سٹاپ منظورکرکے عوام کو تحفہ دیا، ڈیرہ نواب صاحب سٹیشن پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے رحمن بابا ایکسپریس کے دو طرفہ سٹا پ کی فوری منظوری کا اعلان کیا ،لودھراں میں شیخ رشید احمد کے ریلوے سٹیشن آمد پر صوبائی وزیر زوار حسین وڑائچ، ڈپٹی کمشنر راؤامتیازاحمد،اسسٹنٹ کمشنر کلیم یوسف نے خوش آمدید کہا ،انہوں نے سیلون میں کھڑے ہوکر ہی عوام سے بات چیت شروع کردی۔عوام نے نیچے آنے کا مطالبہ کیا لیکن انہوں نے انکار کردیا،شیخ رشید سے جب صحافیوں نے مختلف ٹرینوں کے سٹاپ منظورکرنے کا مطالبہ کیا تو انہوں نے کہا کہ شجاع آباد میں ایک سٹاپ مقرر کیا ہے ،وہاں سے جاکر بیٹھ جایا کریں۔بہت سے سائلین ہاتھ میں درخواستیں لئے کھڑے رہے لیکن شیخ رشید تک نہ پہنچا سکے ۔شیخ رشید کی روانگی کے بعد پی ٹی آئی کے ورکرز نے ان کے رویے پر اظہار ناپسندیدگی کیا۔ وزیر ریلوے نے شجاع آباد میں پاکستان ایکسپریس کے سٹاپ کی بھی منظوری دی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں