5

یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

کراچی / لاہور: نواسہ رسول ؐحضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کیلیے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔یوم عاشور کے موقع پر آج ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہونگے، مرکزی امام بارگاہوں سے نویں اور دسویں محرم کی درمیانی شب مرکزی جلوس برآمد ہو گئے جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے آج اپنی منزل مقصود پر پہنچ کر ختم ہوں گے جس کے بعد شام غریباں برپا کی جائیں گی۔آج ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ ماتمی جلوسوں کے روٹس اور اطراف میں موبائل فون سروس جلوسوں کے اختتام تک معطل رہے گی۔ملک بھر میں امن وامان کو یقینی بنانے کی غرض سے پولیس کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز اور ایف سی کے دستے بھی حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہیں۔ لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں نویں محرم الحرام کی طرح دس محرم کو بھی ڈبل سواری پر مکمل پابندی ہو گی۔ مرکزی جلوسوں میں جامہ تلاشی کے بعد ہی شامل ہونے کی اجازت دی جائیگی، جلوس کے راستوں میں بغیر اجاز ت پانی اور دودھ کی سبیلیں لگانے اور نیاز تقسیم کرنے کی اجازت نہیں۔جلوسوں کے راستوں میں آنے والے تجارتی مراکز اور رہائشگاہوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے یوم عاشور کے حوالے سے فول پروف سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات پیشگی مکمل کر لئے ہیں۔ جلوسوں کے روٹس اور حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔صوبائی، ڈویژن، ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم ہیں جبکہ جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے 4 درجاتی حصار بنائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ سی سی ٹی وی کیمروں، جنریٹرز، لائٹس، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور دیگرآلات کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ دسویں محرم کے موقع پر بھی لاہور سمیت صوبہ بھر میں ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔وفاق کی جانب سے مہیا کئے گئے چار ہیلی کاپٹرز کے ذریعے عاشورہ کے جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی جن میں دوہیلی کاپٹرز لاہور جبکہ ایک ملتان اور ایک راولپنڈی میں استعمال کیا جائے گا۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا،لاہور میں شبیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس تاریخی نثار حویلی سے رات کو برآمد ہوا جو اپنے مخصوص راستوں سے گزرتا ہوا آج شام کربلاگامے شاہ پہنچ کرالوداع ہوگا جہاں مجلس عزا اورشام غریباں منعقدہوگی۔پیر کے روز 9ویں محرم الحرام کی مناسبت سے ملک بھر میں شبیہ ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہوئے۔ لاہورمیںکا مرکزی جلوس امام بارگاہ پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر واپس آکر اختتام پذیر ہوا۔ عزادار سارے راستے ماتم اور نوحہ خوانی کرتے رہے۔کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوا۔ اسلام آباد میں مرکزی جلوس سیکٹر جی 6 ٹو امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا مقررہ مقام پر اختتام پذیر ہوا۔گوجرانوالہ میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حویلی سادات سے برآمد ہوا جبکہ ملتان میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہوا۔ پنجاب سمیت ملک بھر کے70 سے زائداضلاع میں نویں محرم الحرام کو موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہی۔ڈبل سواری پر سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کو موٹر سائیکلوں سمیت تھانے میں بند کر دیا گیا جبکہ جرمانے بھی کئے گئے۔آج صبح چھ بجے سے رات نو بجے تک موبائل فون سروس مرکزی جلوسوں کے راستوں اور اطراف میں معطل رکھی جائیگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں