232

مل کرکام کرتے رہیں گے : بزدار ,پرویز الٰہی ملاقات

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے ا مور، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیاگیا۔دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ صوبے کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لئے ملکر کام کرتے رہیں گے ۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے غیر قانونی و غیر آئینی بھارتی اقدام اور کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی-دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا-وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکر عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور اتحادی جماعت کو ساتھ لے کرچلیں گے ۔انہوں نے کہاکہ تنقید کی پروا نہیں صرف عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے ۔سابق دور میں صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات اور ترجیحات کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے ۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گز رچکا ہے ۔سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے ۔پاکستان تبدیلی کی راہ پر چل پڑا ہے ۔ نیا بلدیاتی نظام عوامی خدمت کو نئی جہت دے گا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ساتھ تھے ،ہیں اور رہیں گے ۔مل جل کرصوبے کے عوام کوریلیف فراہم کرنے کیلئے کام کریں گے ۔سابق دور میں ترقی کے نام پر تماشہ کیا گیا-خادم اعلیٰ کی شو بازیاں عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں ، اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں ۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں تمام انسانی،اخلاقی اوربین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑارہاہے اورمسلسل 39روز سے جاری کرفیو سے مظلوم کشمیری عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔مودی آج کا یزید بن چکا ہے اوریزیدیت کا یہ دور جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔مقبوضہ کشمیر میں سسکتی انسانیت کا ہاتھ تھامنے کیلئے اقوام عالم کو خواب غفلت سے جاگنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت جتنا مرضی ظلم کرلے ، کشمیریوں کی تحریک آزادی کا گلا نہیں گھونٹ سکتا-بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا ہے اورمودی کا نظریہ ہٹلر ازم بھارت کو لے ڈوبے گا۔عثمان بزدار آج 13ستمبر عمرہ کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب جائیں گے -وزیراعلیٰ مدینہ منورہ میں روضہ رسولؐ پر بھی حاضری دیں گے ۔وزیراعلیٰ مسجد نبوی ؐ میں نوافل ادا کریں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب کے انسان دوست اقدام کی وجہ سے حادثے میں شدید زخمی 17سالہ لڑکے مجاہد کو اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے نئی زندگی مل گئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر حادثے میں زخمی نوجوان کی نشترہسپتال ملتان میں کامیاب سرجری کی گئی اور ماہرسرجن ڈاکٹروں نے 17سالہ مجاہدکے حلق سے گلے تک پیوست پیچ نکال دیا-وزیراعلیٰ سرجری کا پیچیدہ آپریشن مکمل ہونے تک رابطے میں رہے – مجاہد نشتر ہسپتال میں تیزی سے روبہ صحت ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں