4

بھارت کے مخاصمانہ عزائم علاقائی استحکام اور پاکستان کی سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہیں:شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے مخاصمانہ عزائم علاقائی استحکام اور پاکستان کی سلامتی کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قلیل مدتی انتخابی مفادات کے حصو ل کے لئے جنگی جنون کا مظاہرہ اور ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینا بھارت کا وطیرہ ہے،بھارت ہمیشہ دوطرفہ مذاکرات سے انکاری رہتا ہے اور خطرات میں کمی لانے، اعتماد سازی اورایٹمی اور میزائل ٹیکنالوجی کے استعمال میں ضبط وتحمل سے کام لینے کی تجاویز بھی مسترد کردیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ برداشت اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اسلحے کی دوڑ میں شامل ہونے سے گریز کیا،تاہم پاکستان اپنے سب سے قریبی ہمسایہ ملک میں پیدا ہونے والی سلامتی کی صورتحال سے لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر پر اپنے غیرقانونی اور غیر اخلاقی تسلط کو مزید مستحکم کیا،ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔افغانستان کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانوں کے زیرقیادت اور سرپرستی میں امن عمل کے ذریعے مفاہمت اورقیام امن کی مکمل حمایت کرتا ہے،ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں