24

امریکا میں پارٹی کے دوران فائرنگ سے 4 افراد ہلاک، 4 زخمی

کیلی فورنیا: امریکا میں ہیلووین پارٹی خونی جھڑپ میں تبدیل ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں درختوں سے گھرے ایک بڑے گھر میں روایتی ہیلووین پارٹی جاری تھی جس میں 100 سے زائد شرکاء موجود تھے۔ موسیقی کی دھن میں رقص جاری تھا اور سب نے جن، بھوت کے ڈراؤنے لباس زیب تن کیے ہوئے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 3  نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ ایک نے اسپتال پہنچ کر دم توڑ دیا، مرنے والوں کی عمریں 22 سے 29 سال کے درمیان ہیں۔ فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فائرنگ کی جگہ سے دو بندوقیں بھی ملی ہیں۔ فائرنگ جھگڑے کا شاخسانہ محسوس ہوتی ہے۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ اس گھر کو ایک رات کے لیے کرایے پر لیا گیا تھا اور مالک مکان کو کہا گیا تھا کہ کرایہ دار دمے کے مریض ہیں جو جنگل میں لگنے والی آگ کے باعث سانس لینے میں دقت محسوس کررہے ہیں اس لیے ایک دن کے لیے گھر کرایے پر لے رہے ہیں۔ ابھی تک کسی مشتبہ شخص کی شناخت یا گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔واضح رہے کہ ہیلو وین پارٹی میں ہلاکتوں کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے اس سے قبل 30 اکتوبر کو سان فرانسسکو میں ایک پارٹی کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے تھے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں